حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا میں میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات

ایڈیٹر - 14/09/2025
خیبرپختونخوا میں میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے سیاحتی وژن کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے صوبائی حکومت نے میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے سلسلے میں اہم اور دوررس فیصلے کر لیے ہیں۔ ان اقدامات کے تحت وسطی ایشیائی ممالک سمیت غیر ملکی مریضوں کے لیے فوری ویزہ سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طورخم بارڈر پر ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے گا، تاکہ صوبے میں علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں کو درپیش رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔اس سلسلے میں محکمہ ثقافت و سیاحت اور محکمہ صحت کا ایک مشترکہ اجلاس محکمہ سیاحت کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان اور سیکرٹری ثقافت و سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے کی۔ اجلاس میں دونوں محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور میڈیکل ٹورازم کے امکانات کو عملی شکل دینے کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا۔اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خیبرپختونخوا خطے میں میڈیکل ٹورازم کا مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جہاں ہر سال امریکہ، یورپ اور خصوصاً افغانستان و وسطی ایشیائی ممالک سے مریض علاج کے لیے آتے ہیں۔ صوبائی حکومت نہ صرف ان مواقع سے فائدہ اٹھا کر صوبے کی معیشت کو تقویت دینا چاہتی ہے بلکہ عالمی معیار کی طبی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعے غیر ملکی مریضوں کا اعتماد بھی جیتنا چاہتی ہے۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پشاور کے چار بڑے ہسپتالوں —حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز، پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور برن اینڈ ٹراما سنٹر—میں بستروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا تاکہ مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو مؤثر انداز میں سنبھالا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے محکمہ سیاحت ایک جامع سمری  تیار کرکے محکمہ صحت اور محکمہ داخلہ کے ذریعے وزیر اعلیٰ، خیبرپختونخوا کو ارسال کرے گا، تاکہ منصوبے پر عملی کام تیزی سے شروع کیا جا سکے۔صوبائی حکومت بہت جلد وفاقی حکومت کے ساتھ میڈیکل ٹورزم کے تحت فوری ویزہ حصول کے سلسلے میں رابطہ کریگا جس سے پاکستان بلخصوص خیبرپختونخوا کے تشخص، قومی  وقار اور معیشت میں بہتری آئیگی۔