حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پشاور کے سرکاری پرائمری سکولوں کے 10 ہزار طلبہ کے لیے سکول میل پروگرام کا آغاز Home / پاکستان /

پشاور کے سرکاری پرائمری سکولوں کے 10 ہزار طلبہ کے لیے سکول میل پروگرام کا آغاز

ایڈیٹر - 28/11/2026
پشاور کے سرکاری پرائمری سکولوں کے 10 ہزار طلبہ کے لیے سکول میل پروگرام کا آغاز

پشاور کے سرکاری پرائمری سکولوں کے 10 ہزار طلبہ کے لیے سکول میل پروگرام کا آغاز، مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے افتتاح کیا

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور اللہ والے فاؤنڈیشن کے مابین منصوبے کے مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ دستخط ہوگئے

مشیر تعلیم نے بچوں میں اپنے ہاتھوں سے کھانا تقسیم کیا، پروگرام کا دائرہ کار مستقبل میں مزید وسعت دینے کا عزم

پشاور کے سرکاری پرائمری سکولوں کے 10 ہزار طلبہ و طالبات کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے کے لیے سکول میل پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے دستخطی تقریب گورنمنٹ جائیکا ماڈل پرائمری سکول حیات آباد پشاور میں منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ مشیر تعلیم کی موجودگی میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمود اسلم وزیر اور اللہ والے فاؤنڈیشن کے چیئرمین شاہد لون نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم جعفر منصور عباسی، فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر عامر خان، سکول کے پرنسپل، اساتذہ اور طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ڈاکٹرعامر عبداللہ نے فیتہ کاٹ کر پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اپنے ہاتھوں سے بچوں میں کھانا بھی تقسیم کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ انہیں گورننس اور ترقیاتی شعبے میں کام کے دوران تقریباً پندرہ سال قبل سکول فیڈنگ پروگرام سے سکولوں، بچوں کی صحت اور ان کے سیکھنے کے نتائج پر مثبت اور حیرت انگیز اثرات کے بارے میں بتایا گیا تھا اور تب سے سکولوں میں ایسا پروگرام شروع کرنے کی خواہش رہی۔ آج اللہ والے فاؤنڈیشن کے تعاون سے پشاور میں اس اہم منصوبے کا آغاز ان کی سالوں پرانی خواہش کی تکمیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی مناسب غذائیت، اچھی صحت اور جسمانی نشوونما ان کی تعلیمی استعداد، بہتر سیکھنے اور مستقبل کی کامیابی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ سکولوں میں بچوں کو کھانا فراہم کرنے سے نہ صرف ان کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ سکولوں میں داخلوں، حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو بھی تقویت ملے گی۔

ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ گزشتہ روز سماجی بہبود کے شعبے میں خاندانوں سے بچھڑے ہوئے بچوں کی دوبارہ اپنے خاندانوں سے ملاپ اور بحالی کے لیے ممتاز سماجی کارکن ولی اللہ معروف کے ساتھ باہمی تعاون کا معاہدہ طے پایا، جبکہ آج اللہ والے فاؤنڈیشن کے ساتھ سکول میل پروگرام کی مفاہمتی یادداشت پر باقاعدہ دستخط ہوئے ہیں۔ یہ دونوں اقدامات بچوں کی فلاح و بہبود، بہتر مستقبل اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہیں۔

انہوں نے اللہ والے فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پروگرام کا آغاز پشاور کے 10 ہزار بچوں سے کیا گیا ہے تاہم اس اقدام کو مستقبل میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت اس سلسلے میں فاؤنڈیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں تک اس سہولت کو پہنچایا جا سکے۔

مشیر تعلیم نے سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے آئندہ مرحلے میں بھی اللہ والے فاؤنڈیشن کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن اس عمل میں آگے آئے اور سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں کے بچوں کا باڈی ماس انڈیکس سروے بھی کرایا جائے گا تاکہ بچوں کی جسمانی نشوونما اور غذائی صورتحال کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ جن سکولوں میں بچوں کو غذائیت کی کمی کے مسائل درپیش ہوں گے وہاں ان ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی پروگرام میں مناسب منصوبہ شامل کیاجائے گا۔

بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ اب انہیں سکول میں ان کی پسند کے کھانے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ صحت مند رہتے ہوئے دلجمعی سے تعلیم حاصل کر سکیں اور مستقبل میں زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمود اسلم وزیر اور اللہ والے فاؤنڈیشن کے چیئرمین شاہد لون سمیت دیگر مقررین نے بھی سکول میل پروگرام کے اغراض و مقاصد اور بچوں کی صحت و تعلیم پر اس کے متوقع مثبت اثرات پر روشنی ڈالی۔