حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ کے 35 جوان اٹلی کا خواب لے کر نکلے تھےلیکن سمندر نے ان کے خواب ختم کردیئے Home / بلاگز /

باجوڑ کے 35 جوان اٹلی کا خواب لے کر نکلے تھےلیکن سمندر نے ان کے خواب ختم کردیئے

احسان خان

ایڈیٹر - 28/11/2026
باجوڑ کے 35 جوان اٹلی کا خواب لے کر نکلے تھےلیکن سمندر نے ان کے خواب ختم کردیئے

باجوڑ کے 35 جوان اٹلی کا خواب لے کر نکلے تھے، اور لیبیا کے سمندر میں ڈوب گئے۔ کمنٹ میں کسی نے لکھا تھا کہ "غلط راستہ چنا تھا، تو یہی ہونا تھا۔" اور واقعی راستہ غلط تھا لیکن میں سوچتا ہو کہ جس جوان کو سمندر اپنے گھر سے زیادہ محفوظ لگے، اسے اس کا گھر پہلے ہی ڈبو چکا ہوتا ہے۔

ان 35 بندوں میں سے زیادہ تر بیس سے ستائیس سال کے تھے، اور سب باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند اور سلارزئی کے تھے۔ کسی گھر کا اکلوتا بیٹا گیا، کسی کے دو بھائی ایک ساتھ۔ آج ان گلیوں میں غائبانہ جنازے ہو رہے ہیں، اور مائیں اب بیٹوں کی واپسی نہیں، صرف ان کی میتیں مانگ رہی ہیں۔

اب یہ سمجھ لیں کہ یہ "یورپ کا راستہ" اصل میں ہوتا کیا ہے، کیونکہ اسمگلر کبھی پوری کہانی نہیں سناتا۔ وہ گاؤں میں آ کر کہتا ہے: "بس چند دن کا سفر ہے، آرام سے اٹلی پہنچ جاؤ گے۔" حقیقت یہ ہے کہ لڑکا ایک ملک سے دوسرے ملک گھمایا جاتا ہے، اور آخرکار لیبیا پہنچتا ہے، جہاں نہ کوئی قانون اس کی حفاظت کرتا ہے، نہ کوئی ایمبیسی اس کی خبر رکھتی ہے۔ وہاں اسے ہفتوں بلکہ مہینوں تک بند گوداموں میں رکھا جاتا ہے، سینکڑوں لوگوں کے ساتھ، کم کھانے اور گندے پانی پر۔ کئی بار گھر والوں کو فون آتا ہے کہ "مزید پیسے بھیجو، ورنہ بیٹا آگے نہیں جائے گا۔" یعنی جو سفر چند لاکھ کا بتایا گیا تھا، وہ گھر کی زمین اور زیور تک کھا جاتا ہے۔

پھر ایک رات اچانک کہا جاتا ہے: "چلو، آج کشتی جائے گی۔" اور وہ کشتی ہوتی کیسی ہے؟ پرانی، زنگ آلود، جس میں پچاس لوگوں کی جگہ ہو، اس میں تین چار سو لوگ ٹھونس دیے جاتے ہیں۔ اکثر نہ کوئی تربیت یافتہ کپتان ہوتا ہے، نہ پورا ایندھن، نہ سب کے لیے لائف جیکٹ۔ جو زیادہ پیسے دے وہ اوپر، اور غریب نیچے کے تنگ حصے میں، جہاں سے کشتی الٹ جائے تو نکلنے کا راستہ ہی نہیں بچتا۔ 2023 میں یونان کے قریب ڈوبنے والی کشتی میں سینکڑوں پاکستانی اسی طرح نیچے والے حصے میں پھنس کر جان سے گئے تھے۔ اور اگر کشتی بچ بھی جائے تو اکثر اسے سمندر میں ہی روک کر واپس لیبیا کے حراستی مراکز میں پہنچا دیا جاتا ہے، اور پورا سفر وہیں سے دوبارہ شروع ہوتا ہے۔

یہ ہے وہ "سنہرا راستہ" جو گاؤں میں بیچا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کی مائیگریشن ایجنسی (IOM) وسطی بحیرہ روم کے اس راستے کو دنیا کا سب سے جان لیوا ہجرت کا راستہ کہتی ہے۔ ہر سال ہزاروں لوگ اس سمندر میں ڈوبتے ہیں، اور بہت سوں کی تو گنتی بھی نہیں ہو پاتی۔

 

تو پھر یہ جوان یہ خطرہ مول کیوں لیتے ہیں؟ گلوبل ہنگر انڈیکس 2026 میں پاکستان 122 ملکوں میں 106ویں نمبر پر ہے، یعنی یہاں تقریباً ہر چھٹے بندے کو پیٹ بھر کھانا نہیں ملتا۔ اوپر سے باجوڑ جیسے علاقے، جہاں برسوں کی بدامنی، آپریشنز اور نقل مکانی ہے، نہ اچھا سکول ہے، نہ نوکری۔ گھر میں بوڑھے ماں باپ، بہنوں کی شادیاں اور خالی جیب۔ اسمگلر اسی مجبوری کو خریدتا ہے۔

اب اُن بھائیوں سے بات، جو کہتے ہیں "غلط راستہ چنا تھا"۔ آپ غلط نہیں ہیں۔ غیر قانونی راستہ غلط ہے، اور فیصلے کی ذمہ داری جانے والے پر بھی ہے۔ اسی ملک میں لاکھوں لوگ انہی حالات میں محنت کر کے قانونی راستے سے باہر جاتے ہیں۔ لیکن انصاف کا ترازو ایک پلڑے سے نہیں تولا جاتا۔ سوال اُس نظام سے بھی پوچھیں جس نے انہیں نہ تعلیم دی، نہ روزگار، اور اُن اسمگلروں سے بھی جو ہر سال ماؤں کی گود اجاڑ کر آزاد گھومتے ہیں۔ ایک طرف انگلی اٹھانا آسان ہے، لیکن اس سے اگلا جوان نہیں بچے گا۔

اور آخر میں ہر اُس بھائی سے، جو آج یہ راستہ سوچ رہا ہے: زندگی مشکل ہے، لیکن اس کا علاج موت کا سفر نہیں۔ یہ راستہ یورپ نہیں، قبر تک لے جاتا ہے، اور جو پہنچ بھی جائے وہ برسوں چھپ کر، ڈر کر جیتا ہے۔ جو لاکھوں روپے اسمگلر کو دینے جا رہے ہو، انہی سے کوئی ہنر سیکھ لو، یا قانونی ورک ویزا اور سکالرشپ کا راستہ ڈھونڈو۔ یہ راستہ لمبا ہے، لیکن اس کے آخر میں تم زندہ ہوتے ہو، اور ماں تمہارا انتظار کر رہی ہوتی ہے، تمہاری میت کا نہیں۔ اور اگر کوئی ایجنٹ تمہیں ایسا راستہ بیچے تو اس کی شکایت FIA کو ضرور کرو۔ ہو سکتا ہے تمہاری ایک شکایت کسی اور ماں کا بیٹا بچا لے۔

اللہ تعالیٰ ان 35 جوانوں کی مغفرت فرمائے اور ان کے گھر والوں کو صبر دے۔