حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
12نامزداضلاع کے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنااولین ترجیح ہے، محمود جان بابر Home / قبائلی اضلاع /

12نامزداضلاع کے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنااولین ترجیح ہے، محمود جان بابر

ایڈیٹر - 28/11/2026
12نامزداضلاع کے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنااولین ترجیح ہے، محمود جان بابر

12نامزداضلاع کے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرکے انہیں ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ لانا اولین ترجیح ہے، محمود جان بابر

پسماندگی کے خاتمے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فلاحی اداروں کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے

خیبر پختونخوا کے 12 نامزداضلاع کے لئے قائم ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے مشیرِ اطلاعات محمود جان بابر نے کہا ہے کہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے ان اضلاع کے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنا، انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور قومی دھارے میں ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ لانا اولین ترجیحات میں شامل ہے اوراس مقصد کے حصول کے لئے حکومت فلاحی اداروں کے تعاون کا بھرپور خیرمقدم کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کے سب سے بڑے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی ہیڈ کوارٹرالخدمت ہاوس پشاور کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر تاج ملوک اور ریجنل منیجر ڈاکٹر شکیل احمد نے انہیں صوبے بھر، بالخصوص ان 12 نامزد اضلاع جہاں ایمرجنسی نافذ ہے، میں ادارے کی جاری فلاحی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں اور امدادی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
محمود جان بابر نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے جاری فلاحی اور امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ الخدمت جیسے اداروں کی موجودگی معاشرے کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ ان اداروں کی بے لوث خدمات اور فلاحی جذبہ قابلِ تحسین ہے، جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے ان کی صلاحیتوں اور تجربات سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سابقہ قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے بعض بندوبستی اضلاع گزشتہ ڈھائی عشروں سے شورش اور بدامنی کے اثرات سے دوچار ہیں، جس کے نتیجے میں وہاں کا حکومتی اور ترقیاتی انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس صورتحال نے ان علاقوں کے عوام کو صحت، تعلیم، صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریاتِ زندگی کے حصول میں سنگین مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
محمود جان بابر نے کہا کہ حکومت صوبے کے 12 اضلاع میں صحت، تعلیم، پینے کےصاف پانی کی فراہمی اور دیگر عوامی خدمت کے شعبوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے۔ ان پسماندہ علاقوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور ان کی محرومیوں کے ازالے کے لئے الخدمت سمیت تمام فلاحی اداروں کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پشاور کے صدر افتخار احمد اور دیگر صوبائی ذمہ داران بھی موجود تھے۔