اسلام آباد (حسبان میڈیا): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے خیبرپختونخوا کے سابقہ قبائلی علاقوں (فاٹا اور پاٹا) کو حاصل ٹیکس رعایت کے سنگین غلط استعمال اور اربوں روپے کے غیر مصدقہ سرٹیفکیٹس جاری ہونے کے انکشاف پر سخت ایکشن لیتے ہوئے کمشنر سمیت دو افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
ترجمان ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان کے مطابق محکمانہ سطح پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گریڈ 21 کے سینئر ممبر کی سربراہی میں ایک چار رکنی اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے کہ متعلقہ حکام کی جانب سے اربوں روپے مالیت کے ٹیکس استثنیٰ کے سرٹیفکیٹس بغیر کسی تصدیق کے جاری کیے گئے۔
ایف بی آر کے اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران کاغذی خریداروں، غائب یا غیر موجود پتوں اور بغیر مینوفیکچرنگ کے ہی مال کی فروخت ظاہر کرنے کے منظم نیٹ ورک کا پردہ چاک ہوا ہے۔ اس سنگین صورتحال کے پیشِ نظر بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب تک جاری ہونے والے تمام سرٹیفکیٹس کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور ہر خریدار کی موقع پر جا کر (فزیکل) تصدیق یقینی بنائی جائے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی 30 روز کے اندر اپنی جامع رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور ایف بی آر کسی بھی صورت ٹیکس رعایت کو ٹیکس چوری کا ذریعہ نہیں بننے دیں گے اور اس قومی نقصان کے ذمہ دار افسران و عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔