حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پمز اسپتال کا خطرناک طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے فروخت کرنے کا انکشاف؛ ایف آئی اے کا لاہور میں چھاپہ Home / پاکستان /

پمز اسپتال کا خطرناک طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے فروخت کرنے کا انکشاف؛ ایف آئی اے کا لاہور میں چھاپہ

ایڈیٹر - 26/11/2026
پمز اسپتال کا خطرناک طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے فروخت کرنے کا انکشاف؛ ایف آئی اے کا لاہور میں چھاپہ

اسلام آباد / لاہور (حسبان میڈیا): وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے سرکاری طبی مرکز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے استعمال شدہ خطرناک طبی فضلے کو تلف کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پر فروخت کیے جانے کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں چھاپہ مار کر 4 ہزار 272 کلوگرام طبی مواد برآمد کر کے موقع پر تلف کرا دیا۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل (اے سی سی) کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پمز اسپتال کے طبی فضلے کو سائنسی بنیادوں پر تلف (انسینریٹ) کرنے کا ٹھیکہ ایک نجی کمپنی کو تفویض کیا گیا تھا۔ معاہدے کے تحت مذکورہ کمپنی اس فضلے کو خود یا تھرڈ پارٹی کے ذریعے مکمل طور پر تلف کرنے اور اسپتال انتظامیہ کو تلفی کے باقاعدہ سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی پابند تھی۔

تاہم، دورانِ تفتیش یہ چونکا دینے والا انکشاف ہوا کہ نجی کمپنی اور پمز اسپتال کے بعض بدعنوان افسران و اہلکاروں نے باہمی ملی بھگت سے اس مہلک فضلے کو تلف کرنے کے بجائے لاہور کے علاقے 5 ٹی بند روڈ پر غیر قانونی طور پر فروخت کرنا شروع کر دیا، جہاں اسے دوبارہ استعمال میں لایا جا رہا تھا۔

ایف آئی اے کی ٹیم نے خفیہ اطلاعات اور شواہد کی روشنی میں لاہور کے 5 ٹی بند روڈ پر واقع گودام کی نشاندہی کی اور چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی۔ اس موقع پر محکمہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے) کی ٹیم کو بھی طلب کیا گیا، جس نے موقع پر معائنے کے بعد تصدیق کی کہ پمز اسپتال کی مہروں اور نشانات والا یہ خطرناک مواد تلف کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پر ری سائیکل اور دوبارہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے کی ہدایت پر ای پی اے حکام نے برآمد ہونے والے 4272 کلوگرام مواد کو فوری طور پر انسینریٹ (نذرِ آتش) کر کے تلف کر دیا۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق ملوث عناصر کے مالی ریکارڈ سے بھی طبی فضلے کی غیر قانونی خرید و فروخت کے ٹھوس شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فضلے کی دوبارہ پروسیسنگ اور عام پلاسٹک مصنوعات میں استعمال سے ایچ آئی وی (ایڈز)، ہیپاٹائٹس اور دیگر جان لیوا امراض پھیلنے کا شدید خطرہ لاحق تھا، جو عوامی صحت کے لیے ایک خاموش مگر انتہائی مہلک خطرے کے مترادف ہے۔

ایف آئی اے نے ملوث ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 34، 109، 270، 409 اور قانون انسدادِ رشوت ستانی 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر شہریار کر رہے ہیں جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔

3