پشاور (حسبان میڈیا): دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث ملک بھر میں منفرد شناخت رکھنے والی خیبرپختونخوا پولیس میں چند غیر ذمہ دار اور جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے محکمانہ ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی، احتجاجی مظاہروں اور اعلیٰ پولیس افسر کو یرغمال بنائے جانے کے واقعات کے بعد فورس کے اندر موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور فوری تطہیر کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران کی جانے والی سیاسی بھرتیوں کے نتیجے میں فورس میں بعض ایسے عناصر شامل ہوئے جنہوں نے وردی کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کا جال پھیلا رکھا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ عناصر فرائضِ منصبی کی ادائیگی کے بجائے گولڈ مائن مافیا کی سرپرستی، بھتہ خوری، راہزنی، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔
سابقہ کارروائیاں اور غیر قانونی گروہ بندی
محکمانہ ریکارڈ کے مطابق سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اختر حیات گنڈاپور نے سنگین جرائم اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر بنوں اور لکی مروت کے 17 پولیس ملازمین کو معطل کیا تھا۔ تاہم، ان اہلکاروں نے قانون کا سامنا کرنے کے بجائے کانسٹیبل خالد خان، کانسٹیبل حضرت علی، کانسٹیبل حیدر اور کانسٹیبل شاہ بختیار کی قیادت میں ’بنوں اور لکی مروت امن کمیٹی‘ کے نام سے ایک غیر قانونی دباؤ کا گروہ تشکیل دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ سیاسی سرپرستی ملنے کے بعد اس گروہ کا اثر و رسوخ اس حد تک بڑھ گیا کہ وہ رقوم کے عوض پولیس افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں میں بھی مداخلت کرنے لگا، جس سے محکمانہ نظم و ضبط شدید متاثر ہوا۔
کوہاٹ ٹول پلازہ ڈکیتی اور معطل اہلکاروں کی ہنگامہ آرائی
چند روز قبل کوہاٹ ٹول پلازہ پر پیش آنے والی ڈکیتی کی واردات، جس میں کسٹمز آفیسر عبیداللہ جامِ شہادت نوش کر گئے تھے، کی ابتدائی تحقیقات میں بھی بعض پولیس اہلکاروں کی غفلت اور ملی بھگت کے شواہد سامنے آئے۔ اس سنگین واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے موجودہ آئی جی خیبرپختونخوا، جو فورس کو جدید اسلحے، گاڑیوں اور ساز و سامان سے لیس کر کے ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں، نے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا۔
تاہم، معطل کیے جانے والے اہلکاروں نے محکمانہ ضابطہ اخلاق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر احتجاج شروع کر دیا۔ اس دوران دیگر چند متنازع اہلکار بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے، جبکہ مظاہرین نے کچھ دیر کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کو بھی یرغمال بنائے رکھا۔
ماضی کے واقعات اور تطہیر کا مطالبہ
ذرائع کے مطابق محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے؛ اس سے قبل بھی مذکورہ غیر قانونی گروہ کے چند سرکردہ عناصر پر کرک میں ایک فرض شناس پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے سنگین الزامات عائد ہو چکے ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں اور محکمہ پولیس کے سنجیدہ افسران کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے امن و امان کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، لہٰذا فورس کی ساکھ بحال رکھنے اور شہدا کے خون کا تقدس برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ وردی میں چھپی ان کالی بھیڑوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے۔