باجوڑ پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مہر گل اور شاہ زمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو عدد مال مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئیں جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
گزشتہ روز نواں کلے میں موٹر سائیکل چوری کا واقعہ پیش آیا جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سرکل ڈی۔ایس۔پی خار عبدالعزیز اور ایس۔ایچ۔او تھانہ خار رشید احمد کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سونپا۔ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے قلیل وقت میں ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کرلیا۔ ڈی۔پی۔او باجوڑ نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔