حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
373 طلبہ میں 134.28 ملین روپے کے ستوری د پختونخوا سکالرشپس تقسیم Home / پاکستان /

373 طلبہ میں 134.28 ملین روپے کے ستوری د پختونخوا سکالرشپس تقسیم

 373 طلبہ میں 134.28 ملین روپے کے ستوری د پختونخوا سکالرشپس تقسیم

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن پشاور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ستوری د پختونخوا سکالرشپس مستحق طلبہ میں تقسیم کیے۔ وزیر موصوف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مینا خان آفریدی نے کہا کہ ستوری د پختونخوا سکالرشپ صوبے کے ٹاپ پوزیشن ہولڈرز کے لیے ایک انعام اور ان کی حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام ہونہار طلبہ کی علمی کاوشوں کو تسلیم کرنے اور انہیں مزید آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے بتایا کہ 2011 سے اب تک 1.42 ارب روپے کے اسکالرشپس صوبے کے مختلف تعلیمی بورڈز کے ٹاپ پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ جہاں صوبے کے 9 تعلیمی بورڈز کے ٹاپ 20 طلبہ کو ہر سال 15 ہزار روپے ماہانہ اسکالرشپ دیا جاتا ہے، جو دو سال کی مدت میں فی طالب علم 3 لاکھ 60 ہزار روپے بنتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال 373 طلبہ میں 134.28 ملین روپے کے سکالرشپس تقسیم کیے گئے۔ یہ اقدام صوبائی حکومت کی تعلیمی میدان میں سنجیدہ کوششوں اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کا واضح ثبوت ہے۔مینا خان آفریدی نے کہا کہ ہونہار طلبہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت ان کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ستوری د پختونخوا سکالرشپ کا بنیادی مقصد طلبہ میں صحت مند تعلیمی مقابلے کو فروغ دینا اور معیاری تعلیم کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری کالجز کے طلبہ کی حوصلہ افزائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں اس اسکالرشپ پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔