باجوڑ۔ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر باجوڑ پولیس کی جانب سے بغیر کاغذات اور بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل رکھنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے جہاں پر متعدد موٹر سائیکلیں تحویل میں لے کر مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ جلد از جلد اپنی موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن اور قانونی تقاضے مکمل کریں۔
واضح رہے کہ کارروائی کا بنیادی مقصد عوامی جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔ ایسے اقدامات سے نہ صرف مشکوک سرگرمیوں کی روک تھام ممکن ہے بلکہ شہریوں کے روزمرہ سفر کو بھی محفوظ بنایا جا سکے گا۔
عوام سے اپیل ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنی گاڑیاں صرف قانونی کاغذات اور نمبر پلیٹ کے ساتھ استعمال کریں۔ بصورت دیگر بغیر کاغذات اور نمبر پلیٹ موٹر سائیکل رکھنے والوں کے خلاف جرمانے سمیت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق کا کہنا تھا کہ امن کے قیام اور عوامی تحفظ کیلئے پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ناگزیر ہے، اور مشترکہ کاوشوں سے ہی ایک پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔