باجوڑ ۔ عنایت قلعہ بازار کے صدر عمران ماہر نے مطالبہ کیا ہے کہ ماموند متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لئے فوری طور پر سروے ٹیمیں بھیجی جائیں اور جو علاقے کلیئر قرار دیے جا چکے ہیں وہاں متاثرین کو باعزت طور پر واپس بھیجا جائے۔
باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران ماہر نے کہا کہ متاثرین کے لئے تیار کھانا تقسیم کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف تحقیقات کی جائیں، کیونکہ بیشتر سکولوں میں کاغذات میں متاثرین کی تعداد زیادہ دکھائی جاتی ہے جبکہ عملی طور پر وہاں موجود افراد کی تعداد کم ہوتی ہے، لیکن ٹھیکیدار کو زیادہ افراد کے حساب سے رقم دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاندان میں اگر دس افراد ہیں تو اس میں نومولود اور دودھ پیتے بچے بھی شامل کیے جاتے ہیں، حالانکہ وہ چاول یا روٹی نہیں کھا سکتے، لیکن ٹھیکیدار کو ان بچوں کے نام پر بھی 350 روپے فی کس دیے جاتے ہیں جو کہ متاثرین کے ساتھ ناانصافی ہے۔
عمران ماہر نے مزید کہا کہ ماموند کے اکثر متاثرین کے گھروں کو نقصان پہنچا ہے، ان کے سولر پینل ٹوٹ گئے ہیں اور مکانات کو بھی شدید نقصان ہوا ہے۔ اس لئے متاثرین کی واپسی سے پہلے نقصانات کے درست ازالے کے لئے سروے ٹیمیں روانہ کی جائیں، تاکہ بعد میں یہ جواز نہ بنایا جائے کہ مکانات مرمت ہوچکے ہیں اور متاثرین کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔