خیبرپختونخوا حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایسوسی ایٹ ڈگری کے حامل امیدوار سرکاری ملازمتوں کے لیے اہل ہوں گے۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا کہ صوبے کے مختلف سرکاری کالجز میں 250 سے زائد بی ایس پروگرامز میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف وہی پروگرامز ایسوسی ایٹ ڈگری میں تبدیل کیے گئے ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تعداد کم ہوتی جا رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ چار سمسٹرز یعنی دو سال مکمل کرنے پر طلبہ ایسوسی ایٹ ڈگری حاصل کر سکیں گے، اور یہ ڈگری ایچ ای سی کی پالیسی کے مطابق بی ایس پروگرام میں ضم ہو سکے گی۔ طلبہ چاہیں تو بعد میں اپنی ڈگری کسی بھی کالج یا یونیورسٹی سے بی ایس پروگرام کے باقی سمسٹرز مکمل کر کے چار سالہ ڈگری بھی حاصل کر سکتے ہیں۔مینا خان آفریدی نے مزید کہا کہ جن پروگرامز میں طلبہ کی تعداد اطمینان بخش ہے، وہاں حسبِ معمول چار سالہ بی ایس ڈگری جاری رہے گی۔ تاہم، ایسوسی ایٹ ڈگری رکھنے والے طلبہ کو نوکری حاصل کرنے کا پورا موقع ملے گا کیونکہ صوبائی کابینہ کو سفارشات بھیج دی گئی ہیں کہ جہاں بھی 14 سالہ تعلیم لازمی ہوگی وہاں ایسوسی ایٹ ڈگری ہولڈرز بھی اہل تصور کیے جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ اقدام طلبہ کے تعلیمی سفر میں آسانی پیدا کرے گا، وقت اور وسائل کی بچت کرے گا اور انہیں کم مدت میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرے گا۔