حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا افغان زلزلہ زدگان سے ہمدردی اور اظہار یکجہتی کے لئے افغان قونصلیٹ پشاور کا دورہ Home / بین الاقوامی /

مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا افغان زلزلہ زدگان سے ہمدردی اور اظہار یکجہتی کے لئے افغان قونصلیٹ پشاور کا دورہ

مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا افغان زلزلہ زدگان سے ہمدردی اور اظہار یکجہتی کے لئے افغان قونصلیٹ پشاور کا دورہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے افغان قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے افغان قونصل جنرل سے ملاقات کی اور زلزلے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تعزیت کی۔

مشیر اطلاعات نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مہمانوں کی کتاب میں تعزیتی تاثرات بھی قلمبند کیے۔اس موقع پر زلزلے میں شہید افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔

افغان قونصل جنرل نے خیبر پختونخوا حکومت اور مشیر اطلاعات کا مشکل وقت میں مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے طورخم بارڈر پر زلزلے کے زخمی متاثرین کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیااور بتایا کہ طورخم بارڈر پر سو سے زائد شدید زخمی مریض پشاور آنا چاہتے ہیں۔

افغان قونصل جنرل نے کہا کہ ان مریضوں کو پشاور کے ہسپتالوں تک رسائی کے لیے مدد درکار ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مریضوں کو پشاور کے ہسپتالوں تک رسائی دینے کی یقین دہانی کرائی۔ان کا کہنا تھا کہ زلزلے میں زخمی افراد کے علاج کے لیے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بھی نہایت فکر مند ہیں اوراس سلسلے میں وزارتِ خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ بارڈر پر موجود مریضوں کو پشاور لانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں اورضرورت پڑنے پر پشاور کے ماہر ڈاکٹروں کو ضروری طبی آلات کے ساتھ جلال آباد بھیج سکتے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخواحکومت اور عوام افغان بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ افغانستان ایک مشکل اور کٹھن وقت سے گزر رہا ہے اور ایسے حالات میں افغان عوام کو تنہا چھوڑنا کسی طور درست نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور افغانستان کے عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ رشتے ہیں،انہی رشتوں کی بنیاد پر اس مشکل وقت میں افغان عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہماری ذمہ داری ہے۔