اس سسٹم کے تحت محکمہ تعلیم کے تمام نوٹیفکیشنز اب آن لائن جاری کئے جائیں گئے۔ ای نوٹیفکیشن سے جہاں کاغذ کی بچت ہوگی تو وہی بروقت دفتری امور بھی نمٹانے میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری خیبرپختونخوا محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے بٹن دبا کر افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں اسپیشل سیکرٹری محکمہ تعلیم عبد الباسط، ڈپٹی ڈائریکٹر ای آئی ایم ایس محکمہ تعلیم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اس اقدام کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے سیکرٹری محکمہ تعلیم کا کہنا تھا کہ تمام افسران اس سسٹم پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور مستقبل میں کوئی اعلامیہ بغیر اس سسٹم کے جاری نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کو ڈائریکٹوریٹ اور اضلاع تک بھی پہنچایا جائے تاکہ اس کی افادیت سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پوسٹنگ ٹرانسفر ہو یا کوئی اور اعلامیہ اس سسٹم کے بغیر جاری نہ کیا جائے۔
محمد خالد کا کہنا تھا کہ مینوئل طریقے سے جاری ہونے والی تمام نوٹیفکیشنز کو منسوخ کرتے ہوئے اس حوالے سے باقاعدہ سرکولر جاری کیا جائے۔سیکٹری تعلیم نے بتایا کہ محکمہ تعلیم ملازمین کے لئے آسانی پیدا کرنے اور تقرری و تبادلوں میں شفافیت لانے کے لیے ای ٹرانسفر سسٹم کو بھی دوبارہ جلد فعال بنایا جائے گا جس کے لئے متعلقہ افسران تیاری شروع کریں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ای آئی ایم ایس محکمہ تعلیم نورشیر آفریدی کا بتانا تھا کہ اس سسٹم سے غلط پوسٹنگ اور ٹرانسفر کا راستہ بند ہوگیا ہے۔ کیونکہ اکثر اوقات ایک مضمون کے ٹیچر کی جگہ دو سرے مضمون کا ٹیچر تعینات ہو جاتا یا اکثر اوقات ایک پوسٹ پر دو دو تعیناتی ہو جاتی ہے۔ اس جدید سسٹم میں تمام ضروری اور اہم معلومات موجود ہے۔ اور اب کئی مسائل سے چھٹکارا مل جائے گا۔