پشاور میں زائدالمیعاد خوراک کے کاروباروں کیخلاف خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن
رنگ روڈ پر گودام سے 15000 کلوگرام زائدالمیعاد گلوکوز، نوڈلز، سوپ اور بسکٹ برآمد
ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک کے کاروباروں کا خاتمہ حکومت خیبرپختونخوا کا مشن ہے، وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور رنگ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے گودام سے زائدالمیعاد خوردونوش کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید کی نگرانی میں پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور ڈویژن شیر رحمان کی قیادت میں رنگ روڈ پر واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا جس کے دوران 1850 کارٹن نوڈلز، 309 کارٹن گلوکوز، 706 کارٹن سوپ اور 265 کارٹن بسکٹ برآمد کرکے سرکاری تحویل میں لے لیے گئے۔ مجموعی طور پر 15000 کلوگرام زائدالمیعاد اشیاء پکڑی گئیں اور زائدالمیعاد خوراک سپلائی کرنے میں ملوث ایک منظم گروہ کو بے نقاب کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام مصنوعات کی ایکسپائری تبدیل کر کے انہیں مارکیٹ میں سپلائی کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ برآمد شدہ خوراک کو فوری طور پر ضبط کر لیا گیا اور گودام مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے فوڈ سیفٹی ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک کے کاروباروں کا خاتمہ حکومت خیبرپختونخوا کا مشن ہے اور اس مشن میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔