رپورٹ : محمد عاصم
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے تحت صوبے کے سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے لئے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں منعقدہ کرکٹ میچ میں پشاور زلمی نے لیجنڈز الیون کو 8 رنز سے شکست دے دی۔میچ کے نتائج کے مطابق ٹاس لیجنڈز الیون نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 10 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے جس میں بابر اعظم نے 41 اور یاسر حمید نے 35 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔لیجنڈز الیون کی جانب سے شاہد آفریدی اور عبدالرحمان نے تین تین جبکہ سعید اجمل اور محمد حفیظ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا۔ اس کے جواب میں لیجنڈز الیون کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 137 رنز بنائے جس میں انضمام الحق 47 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ہمایوں کی 27 رنز کی شاندار اننگز بھی اس میں شامل تھی۔ زلمی الیون کی جانب سے محمد عرفان اور بابر اعظم نے دو دو جبکہ اذان آفریدی اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کرلی۔میچ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور 19 سال بعد عمران کرکٹ سٹیڈیم کی رونقیں بحال ہوئیں جس کے باعث تماشائیوں نے بھر پور انداز میں سیلاب زدگان کے لئے منعقدہ میچ میں شرکت کی۔ میچ کے دوران پشاور زلمی کی جانب سے تماشائیوں میں شرٹس،کپ اور جھنڈے بھی تقسیم کئے گئے۔