حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ڈی پی او باجوڑ کا جوانمردی سے فرائض منصبی سر انجام دینے پر ایلیٹ فورس اورپولیس جوانوں کیلئے انعامات کا اعلان Home / پاکستان /

ڈی پی او باجوڑ کا جوانمردی سے فرائض منصبی سر انجام دینے پر ایلیٹ فورس اورپولیس جوانوں کیلئے انعامات کا اعلان

ایڈیٹر - 29/08/2025
ڈی پی او باجوڑ کا  جوانمردی سے فرائض منصبی سر انجام دینے پر ایلیٹ فورس اورپولیس جوانوں کیلئے انعامات کا اعلان

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق نے سرکل ڈی۔ایس۔پی نیاز محمد کےہمراہ آپریشن ایریا ماموند کا دورہ کیا۔ جوانمردی سے فرائض منصبی سر انجام دینے پر ایلیٹ فورس سمیت تعینات پولیس جوانوں کو کیش ایوارڈ کا اعلان بھی کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے تھانہ لوئی ماموند، وڑہ ماموند، ترخو اور بادسیاں پولیس پوسٹوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں کی سیکیورٹی انتظامات، جوانوں کی حاضری، اسلحہ و ایمونیشن اور مجموعی پولیس ڈیوٹی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ڈی پی او وقاص رفیق نے موجودہ حالات کے تناظر میں پولیس افسران و جوانوں کو ہائی الرٹ رہنے اور اپنے زمہ داریاں  مزید جانفشانی کے ساتھ نبھانے کی خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پولیس ہمہ وقت مستعد ہے۔ 

انہوں نے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور جانفشانی، فرض شناسی اور جوان مردی سے خدمات سرانجام دینے پر کیش ایوارڈ کا اعلان کیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے جوانوں کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران ہمہ وقت چوکنا رہیں، بلٹ پروف ہلمٹ و جیکٹ اور دیگر حفاظتی سازو سامان کا استعمال یقینی بنائیں،  عوام الناس کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون کا رویہ اختیار کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی پر کڑی نظر رکھا جائے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور عوامی تعاون سے ہی علاقہ امن و استحکام کی راہ پر گامزن رہ سکتا ہے۔ ڈی پی او باجوڑ نے مزید اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی پولیس ہر حال میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی خدمات جاری رکھے گی اور کسی بھی چیلنج کا جوانمردی سے مقابلہ کرے گی۔