عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شفیع جان کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شفیع جان نے 22 اگست کو اسمبلی فلور پر تقریر کے دوران بے بنیاد الزامات لگائے اور پھر وہی تقریر اپنی فیس بک پیج پر بھی شیئر کی۔ ان الزامات سے نہ صرف اسفندیار ولی خان بلکہ اے این پی کے کارکنان کی دل آزاری اور سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ اس سے قبل شوکت یوسفزئی کے خلاف بھی اسی نوعیت کا کیس دائر کیا گیا تھا جس میں عدالت نے انہیں 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شفیع جان 15 دن میں معافی مانگیں اور ویڈیو ڈیلیٹ کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔