صوابی کے دور افتادہ دشوار گزار پہاڑی علاقے گردن آمازئی کے گاؤں والوڑی بالا میں بادل پھٹنے ، آسمانی بجلی گرنے ، سیلابی ریلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بھاری وزنی پتھر گھروں پر گرنے کے نتیجے میں تباہ شدہ مکانات سے ملبہ ہٹانے کے آپریشن کے دوران ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ایمانداری کی اعلی مثال قائم کرتے ہوئے لاکھوں روپے کی نقدی اور سونے کے زیورات برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیئے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے برآمد ہونے والی قیمتی اشیا کو نہایت احتیاط اور دیانتداری کے ساتھ محفوظ کیا گیا اور بعد ازاں مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں شہداء کے لواحقین کے حوالے کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر صوابی اولیس بابر نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 نہ صرف عوام کی جان بچانے کیلئے ہر لمحہ تیار ہے بلکہ دیانتداری، خدمت اور شفافیت اس ادارے کی پہچان ہے۔ دریں اثنا عوامی حلقوں نے ریسکیو 1122 اہلکاروں کی ایمانداری اور فرض شناسی کو سراہا