دیر ویلفیئر آرگنائزیشن پشاور کے زیراہتمام بونیر، سوات اور دیر کے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کیمپ جمیل چوک، رنگ روڈ، پشاور میں قائم کر دیا گیا ہے۔ منگل کی سہ پہر تک کیمپ کے دوسرے روز تقریباً ایک ٹرک سامان تیار کیا گیا جو اگلی صبح بونیر کی ضلعی انتظامیہ سے رابطے پر متعلقہ مقام پہنچا کر نامزد حکام کو حوالہ کیا جائے گا جبکہ دیگر متاثرہ اضلاع کیلئے بھی امداد پہنچائی جائے گی۔
قبل ازیں تنظیم کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس چیئرمین حاجی محمد سعید کی سربراہی میں ہوا جس میں تنظیم کے عہدیداران اور عاملہ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ کے مختلف اضلاع میں کلاؤڈ برسٹ واقعات اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار تاسف کیا گیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے اجتماعی دعا مانگی گئی۔ اجلاس میں جمیل چوک میں امدادی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ متاثرین کیلئے موقع پر عطیات بھی جمع کئے گئے۔ درایں اثناء حاجی محمد سعید نے غیور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کیلئے دل کھول کر عطیات دیں۔ یہ عطیات (کھانے پینے کی اشیاء، کپڑے، ادویات اور نقد امداد) ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے دکھ کم کر سکتے ہیں۔