باجوڑ آپریشن کو فوری روکا جائے،جے یو آئی قائدین کا مطالبہ ۔ جمعیت علمائے اسلام باجوڑکے ضلعی امیر اور سابق سینیٹر مولانا عبدالرشید نے تحصیل ناظم حاجی سید بادشاہ، جنرل سیکرٹری مولانا محمد لائق ، حاجی اکبر جان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ماموند میں جاری آپریشن کو تین روز کے اندر بند کرکے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر باعزت طریقے سے گھروں کو واپس بھیجا جائے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کو خوراک اور دیگر امدادی سامان کی فراہمی میں سنگین بے ضابطگیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر صوبائی حکومت فوری نوٹس لے کر تحقیقات کریں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے۔مولانا عبدالرشید کا کہنا تھا کہ صرف سرکاری اسکول ہی نہیں بلکہ مقامی افراد کے گھروں اور حجروں میں بھی سینکڑوں متاثرین پناہ لیے ہوئے ہیں، مگر ضلعی انتظامیہ نے انہیں سرکاری فہرستوں سے نکال کر ناانصافی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے باعث تعلیمی ادارے بند ہیں، جس سے طلبہ کا مستقبل تاریک ہورہا ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی مکمل طور پر معطل ہیں۔مولانا عبدالرشید نے یہ بھی کہا کہ باجوڑ کے مذاکراتی جرگے سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تین دن کے اندر آپریشن ختم نہ کیا گیا اور متاثرین کو ان کے گھروں میں واپس نہ بھیجا گیا تو قومی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا