باجوڑ . مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر انجینئر انجینئر امیر مقام نے باجوڑ کا ایک روزہ دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے غم میں شریک ہوئے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ وقت گزارا۔امیر مقام نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر جاں بحق فرد کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا، جبکہ زخمیوں اور تباہ شدہ گھروں کے لیے امدادی پیکج جلد سامنے لانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ کے عوام کی ہمت، استقامت اور قربانی پاکستان بھر کے لیے ایک مثال ہے۔ "یہ لوگ 2008 میں بھی بے گھر ہوئے اور آج پھر قدرتی آفات کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کے حوصلے ٹوٹے نہیں۔ سلارزئی قوم نے قیامِ امن کے لیے جو کردار ادا کیا، اس پر نہ صرف ریاست بلکہ پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔"وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اور ان کے دکھ درد میں ہر لمحہ شریک رہے گی۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں کی صفائی اور ریسکیو سرگرمیوں کے لیے خصوصی گاڑیاں بھیجنے کا اعلان کیا، جب کہ آپریشن سے متاثرہ افراد کی سہولت کے لیے ایک نئے نادرا سنٹر کے قیام کی خوشخبری بھی سنائی۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ضم اضلاع مبارک زیب خان، سابق ایم این اے شہاب الدین، اور سلارزئی قبائل کے عمائدین بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے حکومتی اعلانات کا خیر مقدم کیا۔