نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
ایبٹ آباد۔ بونیر امدادی سرگرمیوں کے دوران ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے پائلٹ کرنل شاہد سلطان کا ایبٹ آباد میں پورے اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔نماز جنازہ میں سابق سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ایم پی اے مشتاق احمد غنی ،کمشنر ہزارہ ریجن سید فیاض علی شاہ ،ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی ،ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر طفیل گنڈا پور ،اسسٹنٹ کمشنر زرک یار طورو کے علاوہ دیگر سیاسی وسماجی شخصیات ،عسکری و سول محکموں کے افسران اور شہری کثیر تعداد میں شریک تھے۔ بونیر ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پائلٹ کرنل ریٹائرڈ سردار شاہد سلطان کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے ۔ سردار شاہد سلطان شہید معروف معالج ڈاکٹر شیر افضل کے بھانجے ،سابق اسپیکروگورنر اور موجودہ ممبر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی اور سابق خاتون ایم این اے فرزانہ مشتاق کے قریبی عزیز ہیں۔ کرنل ریٹائرڈ سردار شاہد سلطان شہید کے والد سردارسلطان بھی آرمی میں میجر تھے جن کو جہلم میں پوسٹنگ کے دوران نماز فجر کی ادائیگی کے لیے مسجد جاتے ہوئے دوران سروس ہی شہید کر دیا گیا تھا۔والد کے بعد بیٹا بھی جام شہادت نوش کر گیا، سردار شاہد سلطان شہید کی نماز جنازہ پہلے گورنر ہاوس پشاور میں ادا کی گی اور پھر ان کے جسد خاکی کو ایبٹ آباد روانہ کیا گیا۔کرنل ر سردار شاہد سلطان کی نماز جنازہ پیر کے روز شام 6 بجے ایف جی سکول سپلائی کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔جن کی نماز جنازہ شہید کے بیٹے محمد سنان سلطان نے پڑھائی ۔شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔شہید نے سوگوراں میں بیوہ دو بچیاں اور بیٹے شامل ہیں۔