سیلاب زدہ صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو فوری ریلیف دینے کی غرض سے، ڈپٹی کمشنر تورغر انور زیب خان کی جانب سے ریلیف و بحالی کی کاروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں ہفتے کے روز ڈپٹی کمشنر نے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ)
علی شیر خان خلیل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایکسیئین C&W, اسسٹنٹ کمشنر جدبا، پولیس اہلکار،تحصیلدار جدبا، گرداور اور دیگر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔
دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(فنانس اینڈ پلاننگ) نے سیکشن 144 پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا اور علاقے میں قائم پولیس چیک پوسٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دریا کے کناروں اور ان گھروں کا بھی معائنہ کیا جہاں سیلابی پانی داخل ہوا تھا تاکہ نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ عوام کی سہولت اور آمد و رفت کی بحالی کے لیے ان مقامات پر ایکسیویٹر تعینات کیا گیا جہاں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں کٹ یا بند ہو گئی تھیں۔
معائنہ کے دوران مقامی بازار اور بیسک ہیلتھ یونٹس (بی ایچ یوز) کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بنیادی سہولیات اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔ اے ڈی سی اور ان کی ٹیم نے متاثرہ علاقوں کا وسیع معائنہ کیا، جن میں وہ مقامات بھی شامل تھے جہاں سیلاب کے باعث مٹی اور گاد جمع ہو چکی تھی۔
بعد ازاں، مواصلات اور انفراسٹرکچر کی بحالی کی مد میں اے ڈی سی علی شیر نے ایکسیئن C&W کی توجہ متاثرہ علاقوں کے حفاظتی دیواروں، پلوں، ندیوں کی پلیوں اور روڈ ، نالوں، مبذول کرائی۔ تاکہ اس حوالے سے ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیلاب متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی اور ریلیف کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور متاثرہ علاقوں میں حفاظتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔