پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر ایک بیان جاری کیا جس کے مطابق انہوں نے لکھا کہ کل رات اسلام آباد پولیس نے میرے بنی گالہ والے گھر پر غیر قانونی ریڈ کیا، حالانکہ میں اُس وقت وہاں موجود نہیں تھا۔ یہ سب اُس صورت میں کیا گیا جب میرے پاس اسلام آباد ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے حفاظتی ضمانت موجود ہے۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اسلام آباد پولیس کے آئی جی اور دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔ میں اس موقع پر یہ بھی واضح کر دوں کہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم نہ جھکیں گے اور نہ ہی ڈریں گے۔ ہم عمران خان کے شانہ بشانہ ملک کی حقیقی آزادی، سول سپریمیسی، آئین و قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کے تحفظ کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے، انشاء اللہ۔