رپورٹ : محمد عاصم
رپورٹ : محمد عاصم
اگر فٹبال کی بات کریں تو پاکستان کے نوجوانوں میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ عالمی سطح پر بڑے ایونٹ میں بھی ٹائٹل جیت کر ملک کا نام روشن کرسکیں۔ پاکستانی ٹیم بیٹر فیوچر پاکستان نے ناروے کپ میں انڈر 15 کا ٹائٹل جیت لیا، فائنل میں بیٹر فیوچر پاکستان نے ناروجیئن کلب کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام۔
ناروے کپ میں انڈر 15 ایونٹ میں شریک بیٹر فیوچر پاکستان کی ٹیم لیاری کے کھلاڑیوں پر مشتمل تھی، بیٹر فیوچر کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی اور ہر میچ میں حریف کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی۔
فائنل میں اس نے ناروے کے کلب یووک لین کو 0-2 سے شکست دی۔
بیٹر فیوچر کی جانب سے دونوں ہاف میں ایک، ایک گول ہوئے، ٹیم کی جانب سے ایک گول احمد علی اور دوسرا گول اویس نے اسکور کیا۔
ناروے میں ہونیوالے دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ میں دنیا کے 30 سے زائد ملکوں سے سیکڑوں ٹیمیں مختلف ایج گروپس میں شریک تھیں۔
یہ ملک کیلئے بڑا اعزاز ہے کہ ان نوجوانوں نے ناروے ٹائٹل جیت کر دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ماضی میں پاکستانی فٹبال ٹیم نے ایشیاء کے بڑے ممالک کو نہ صرف شکست دی بلکہ اس کے کھلاڑی ہندوستان، بنگلہ دیش کے کلبوں میں بھی بڑے معاوضے لیکر کھیلتے رہے مگر بدقسمتی سے پاکستان میں فٹبال کو دیگر کھیلوں کے مقابلے میں زیادہ اہمیت نہیں دی گئی ، حکومتی سطح پر ایک تو خصوصی توجہ نہیں دی جاتی ، دوسرا، سفارشی کلچر اور فٹبال کے محکموں کی بندش سے فٹبال کا کھیل زوال پذیر ہوتا گیا جس کی وجہ سے بیشتر فٹبالرز مایوس ہوئے مگر اب ایک بار پھر فٹبال کے میدان آباد ہوتے دکھائی دے رہے ہیں ،نوجوانوں کی اکثریت اس کھیل میں جنون کی حد تک دلچسپی لے رہی ہے جس کے نتائج بھی سامنے ہیں کہ ناروے جیسے بڑے ملک میں پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم نے ٹائٹل جیت کر یہ ثابت کیا کہ ہمارے فٹبالر عالمی سطح پر بہترین نتائج دینے کے قابل ہیں۔