پشاور ۔وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور نے صوبہ بھر، با الخصوص سیاحتی اضلاع کی انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر وزیر اعلی نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے تا کہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ وزیر اعلی نے پولیس، بلدیات، آبپاشی، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں کی فیلڈ میں ہمہ وقت موجودگی یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی آفات، خصوصا سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر موجود سیاحوں کو موسمی حالات اور ممکنہ خطرات کے بارے میں بر وقت آگاہی دی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ یا بارشوں کی وجہ سے بند ہونے والی سڑکوں کو فوری طور پر کھولنے کے لئے درکار مشینری کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ اضلاع کی سطح پر قائم مراکز صحت میں ضروری عملے اور ادویات کی ہمہ وقت دستیابی کے لئے بھی جامع اقدامات کئے جائیں۔ علی امین گنڈا پور نے تمام اضلاع میں ایمر جنسی کنٹرول رومز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ کے افسران ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کریں۔ وزیر اعلی نے زور دیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مضلعی سطح پر موثر کو آرڈینیشن کا مربوط نظام وضع کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بر وقت اور موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مون سون بارشوں سے متعلق پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تمام احتیاطی تدابیر پرختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔