17000 سے زائد عہدے خالی ریٹائر منٹ یا انتقال کی صورت میں بھرتی نہیں ہوگی
پشاور ۔ خیبر پختونخوا حکومت نے کلاس فور ملازمت کی مستقل بنیادوں پر بھرتی کا نظام ختم کر دیا ہے اور روزانہ اجرت پر ملازمت کا نیا نظام ڈھانچہ تشکیل دیا ہے اس ضمن میں وزیر اعلیٰ نے سمری کی منظوری دے دی ہے بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے تنخواہوں اور پنشن کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے روزانہ کی اجرت پر ملازمتوں کا نیا پلان پیش کر دیا ہے جس کے تحت غیر اہم خدمات جیسے نائب قاصد ، دفتری، مالی، چوکیدار، اور دیگر کارکنوں کو روزانہ کی اجرت پر رکھا جائے گا اس اقدام سے نہ صرف سرکاری خزانے پر تنخواہوں اور پنشن کا بوجھ کم ہوگا بلکہ محکموں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی روزانہ اجرت پر بھرتی سے مستقل ملازمت کے مقابلے میں انتظامی خراجات کم ہوں گے کار کردگی اور ذمہ داری میں بہتری آئے گی کیونکہ ملازمین کو کام کے معیار کی بنیاد پر رکھا جائے گا محکمے اپنی ضروریات کے مطابق ملازمین کی تعداد میں لچکدار انداز میں تبدیلی کرسکیں گے بتایا گیا ہے کہ کلاس فور کے تمام عہدے " ڈائنگ کیڈر " قرار دے دیئے گئے ہیں 17,000 سے زائد عہدے پہلے سے خالی ہیں، جن پر اب مزید رقم خرچ نہیں ہوگی روزانہ اجرت پر نو جوانوں کو روزگار کے زیادہ مواقع ملیں گے ریٹائر منٹ یا انتقال کی وجہ سے خالی ہونے والے عہدوں پر مزید بھرتی نہیں کی جائے گی بلکہ یہ عہدے خود بخود ختم ہو جائیں گے تمام سرکاری محکموں، خود مختار اور نیم خودمختار اداروں میں کلاس فور کے عہدوں پر اب روزانہ اجرت پر بھرتی کی جائے گی یہ فیصلہ وفاقی حکومت کے 18 اکتوبر 2024 اور 4 فروری 2025 کے احکامات کے مطابق کیا گیا ہے