رپورٹ : محمد عاصم
باجوڑ سپورٹس کمپلیکس کے ہاکی میدان میں آج کھیل، جوش اور جذبے کا خوبصورت منظر پیش کر رہا تھا، جہاں باجوڑ ننگیالی ہاکی کلب کی نئی کٹ کی رنگا رنگ تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔ نوجوان کھلاڑیوں کا ولولہ دیدنی تھا جبکہ شائقین اور سرپرستوں کی بھرپور شرکت نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔
تقریب میں کلب کے بانی تحسین اللہ، بانی رہنما مدثر زمان، شاہد صافی،ڈاریکٹر باجوڑ ہاکی اکیڈمی مہران شاہ اور ٹیم کے کپتان عبید خان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحسین اللہ نے کہا کہ ننگیالی ہاکی کلب صرف ایک ٹیم نہیں، بلکہ ایک تحریک ہے جو نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب مائل کرکے انہیں مثبت سمت میں گامزن کر رہی ہے۔ انہوں نے نئی کٹ کو صرف ایک یونیفارم نہیں، بلکہ باجوڑ کے نوجوانوں کی شناخت، حوصلے اور خوابوں کی علامت قرار دیا۔
تحسین اللہ نے پُرعزم لہجے میں کہا کہ ننگیالی کلب قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، اور ہمارے نوجوانوں کو ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر آگے لانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں نے نئی کٹ زیب تن کرتے ہوئےباجوڑ ہاکی اکیڈمی کے ساتھ ایک مختصر اور پُرجوش نمائشی میچ بھی کھیلا، جسے شرکاء نے دل کھول کر سراہا اور نوجوانوں کے حوصلے کو خوب داد دی۔