راولپنڈی (حسبان میڈیا ڈیسک): پاک فوج کے دستے طے شدہ دوطرفہ دفاعی معاہدوں کے تحت اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب روانہ ہونے والے فوجی دستوں کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق الوداعی تقریب میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی شریک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوجی دستوں کی سعودی عرب میں تعیناتی مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے اپنے تاریخی عزم پر مکمل طور پر قائم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی افواج کی تعیناتی سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ تقریب کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔