حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کسی بھی قسم کے سمجھوتے کے ذریعے عمران خان کی رہائی کی سوچ کے خلاف ہوں: قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی Home / سیاست /

کسی بھی قسم کے سمجھوتے کے ذریعے عمران خان کی رہائی کی سوچ کے خلاف ہوں: قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی

ایڈیٹر - 29/11/2026
 کسی بھی قسم کے سمجھوتے کے ذریعے عمران خان کی رہائی کی سوچ کے خلاف ہوں: قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی

اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک): قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے سیاسی سمجھوتے (کمپرومائز) کے ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے نکالنے کی سوچ کے سخت خلاف ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے اندر ایک طبقہ ایسی سوچ رکھتا ہے کہ چاہے ملکی سطح پر کچھ بھی ہو رہا ہو یا نئے صوبے ہی کیوں نہ بن رہے ہوں، کسی نہ کسی طرح سمجھوتہ کر کے عمران خان کو باہر نکالا جائے۔

اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے موجودہ سیاسی صورتِ حال اور حکومت کے ساتھ ممکنہ بات چیت کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے درمیان مذاکرات صرف الیکشن کمیشن اور نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے آئینی معاملے پر ہونے تھے۔

قائدِ حزبِ اختلاف نے مقتدر حلقوں اور حکومتی پالیسیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی خطرناک لوگ ہیں جو جب کوئی کام کرنے کی ٹھان لیں تو دنیا جہاں کا نقصان اٹھا کر بھی اپنی بات منوا لیتے ہیں۔ انہوں نے ماضی کے سیاسی اتفاقِ رائے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لندن میں تمام پاکستانی سیاسی جماعتوں نے مل کر یہ فیصلہ کیا تھا کہ ملک کو کس آئینی طریقے سے چلانا ہے، اور ہم بار بار اس بات پر زور دیتے ہیں کہ غیر آئینی اقدامات سے عوام میں ناراضی پھیلے گی۔

موجودہ حکمران اتحاد کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت زر اور زور کی بنیاد پر اقتدار پر قابض ہوئی ہے۔ ڈی چوک کے حالیہ واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے نہتے نوجوانوں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں پر براہِ راست گولیاں چلائیں، حالانکہ ان نوجوانوں کا کوئی قصور نہیں تھا۔