حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر، آئینی حقِ تعلیم کی فراہمی کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ درخواست دائر Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر، آئینی حقِ تعلیم کی فراہمی کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ درخواست دائر

ایڈیٹر - 21/11/2026
خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر، آئینی حقِ تعلیم کی فراہمی کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ درخواست دائر

پشاور (حسبان میڈیا بیورو) خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ سے زائد بچوں کے اسکولوں سے باہر ہونے کے انکشاف کے بعد صوبائی حکومت کے تعلیمی ایمرجنسی کے دعووں پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے ہیں، جبکہ بچوں کو آئینی حقِ تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں باقاعدہ رٹ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم محمد اسفندیار شیخ نے فقیر اللہ اعوان ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی ہے، جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت متعلقہ تعلیمی محکموں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں آؤٹ آف اسکول بچوں کی تشویشناک تعداد، تعلیمی اداروں کی کمی، بنیادی سہولیات کا فقدان اور حکومتی عدم توجہی آئین میں دیے گئے بنیادی حقِ تعلیم کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بچوں کو اسکولوں میں واپس لانے، غیر فعال تعلیمی اداروں کی بحالی اور اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے حکومت کو باقاعدہ ٹائم فریم کے ساتھ قابلِ عمل منصوبہ بنانے کا حکم دیا جائے۔

رٹ درخواست میں 2023 کی مردم شماری کے سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 37.49 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جن میں 29 لاکھ 24 ہزار لڑکیاں اور 19 لاکھ 99 ہزار لڑکے شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں 42 لاکھ 59 ہزار سے زائد بچوں نے آج تک کسی اسکول میں داخلہ ہی نہیں لیا، جبکہ 6 لاکھ 64 ہزار 831 بچے داخلہ لینے کے باوجود اپنی تعلیم مکمل کیے بغیر اسکول چھوڑ چکے ہیں۔

درخواست میں مزید نشاندہی کی گئی ہے کہ بالخصوص کوہستان، تورغر اور سابق قبائلی اضلاع میں اسکولوں سے باہر بچوں کی شرح انتہائی تشویشناک ہے، جو ان علاقوں میں تعلیمی انفراسٹرکچر کی کمی اور نظامِ تعلیم کو درپیش سنگین مسائل کی عکاسی کرتی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں بچوں کا تعلیم سے محروم رہنا نہ صرف ان کے مستقبل بلکہ صوبے کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی کے لیے بھی ایک سنگین چیلنج ہے۔