اسلام آباد (حسبان میڈیا پارلیمانی ڈیسک) وفاقی حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو حکومت کے برابر نمائندگی دینے کا مطالبہ باضابطہ طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کمیٹی میں نمائندگی ایوان میں نشستوں کے تناسب سے ہی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے رابطہ کر کے انہیں حکومتی مؤقف اور حتمی فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی تاریخ میں کمیٹیوں کے اندر حکومت اور اپوزیشن کو یکساں نمائندگی دینے کی کوئی مثال موجود نہیں ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے مطالبے کو مسترد کیے جانے کی تصدیق کی اور کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی سے 5 اور سینیٹ سے 2 ارکان کے نام جلد فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے انتخابی اصلاحات سے متعلق ماضی میں قائم ہونے والی تمام پارلیمانی کمیٹیوں کا ریکارڈ چیک کیا ہے اور حکومت کا پیش کردہ فارمولا مکمل طور پر سابقہ پارلیمانی روایات کے مطابق ہے، لہٰذا کمیٹی کی تشکیل کے فارمولے پر پی ٹی آئی کا اعتراض قابلِ قبول نہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے طارق فضل چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکومت کے اس فیصلے سے اپنی پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت اختیار کرنے یا نہ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اور اپوزیشن لیڈرز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔