پشاور / مردان (حسبان میڈیا بیورو) مشیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے انکشاف کیا ہے کہ صوبائی محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) میں 19 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے معاملے پر جلد باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا، جبکہ گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران صوبائی حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی کے نتیجے میں دہشت گردی کے واقعات میں 80 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
مردان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتی ہے تاکہ فورس آزادانہ اور مؤثر انداز میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں ہنگامی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ حکومت دیگر عوامی اور ترقیاتی امور بھی بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ہمارے ٹیم لیڈر اور گورنر خیبرپختونخوا وضاحت پیش کریں گے۔
سابقہ صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ گزشتہ 13 سال تک عوام کا استحصال کیا گیا اور موجودہ حکومت کو ایک ایسا گھر ملا ہے جسے چور پہلے ہی صاف کر چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود صوبے کے اداروں کو مستحکم بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ حکومت نے مبینہ طور پر ہوا میں 9 ارب روپے جاری کیے تھے، جبکہ اب سابق دورِ حکومت کی تمام متعلقہ سکیموں اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے تمام ٹھیکوں کو منسوخ کر کے سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
شعبہ صحت میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں صحت کا نظام شدید بدانتظامی کا شکار رہا اور ایک شخص سات سمندر پار بیٹھ کر صوبے کا پورا نظام چلا رہا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے صوبائی صحافیوں کے لیے میڈیا کالونی اور مردان پریس کلب کے لیے 15 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔