اسلام آباد (حسبان میڈیا پولیٹیکل ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نہیں بلکہ صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان ہی چھوٹے صوبوں کے حقیقی حامی ہیں، لہٰذا نظام کو چاہیے کہ وہ براہِ راست بانی پی ٹی آئی سے بات کرے۔
اپنے ایک تازہ سیاسی بیان میں علی محمد خان نے ملکی صورتحال اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان اس معاملے پر نظام کے ساتھ کھڑے ہو گئے تو پھر کسی ریفرنڈم کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقتدر حلقے اور نظام براہِ راست بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کریں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو باتیں تو اچھی کر رہے ہیں، تاہم جس ظلم کی طرف وہ اشارہ کر رہے ہیں وہ گورنر راج ماضی میں پیپلز پارٹی نے ہی نافذ کیا تھا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی سیاست بچانے کے لیے بلاول بھٹو کو اب بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والا ظلم نظر آیا ہے، لیکن پاکستانی قوم اب ایسی ڈرامے بازیوں کے لیے ہرگز تیار نہیں۔
علی محمد خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو چیلنج دیتے ہوئے مزید کہا کہ بلاول بھٹو جو کچھ کہہ رہے ہیں اگر واقعی اس پر یقین رکھتے ہیں تو فوری طور پر اپنے گورنر سے کہہ دیں کہ وہ پیچھے ہٹ جائیں، کیونکہ ان کا سیاسی وولٹیج تو پہلے ہی 440 سے کم ہو کر 140 پر آ چکا ہے۔