پشاور (حسبان میڈیا بیورو) خیبرپختونخوا میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے 250 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے خلاف ملازمین اور سی بی اے یونین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے فوری نوٹس لینے اور نئی سکروٹنی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں سکروٹنی کمیٹی نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے 250 ملازمین کی نشاندہی کر دی ہے جنہیں برطرف کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ورکرز ویلفیئر بورڈ ایمپلائز یونین (سی بی اے) نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بورڈ کے کسی بھی ملازم کو ملازمت سے فارغ نہ کیا جائے اور ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے شفاف طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے نئی سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
ملازمین کی یونین کا مؤقف ہے کہ صوبائی حکومت اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر 250 ملازمین کے ساتھ انصاف کرے اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں ملازمین کی ریگولرائزیشن کا معاملہ دیکھا جانا چاہیے۔
یونین رہنماؤں کے مطابق عدالتِ عظمیٰ نے پانچ ٹی او آرز (TORs) کی روشنی میں ملازمین کی جانچ پڑتال اور اہل ملازمین کو ریگولرائز کرنے کی ہدایت کی تھی، جبکہ فیصلے میں کہیں بھی یہ نہیں کہا گیا کہ پانچ ٹی او آرز کے زمرے میں آنے والے ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا جائے، بلکہ ایسے ملازمین کی ریگولرائزیشن نہ کرنے کی بات کی گئی ہے۔