حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ میں امن گرینڈ جرگہ، 13 جولائی کو امن پاسون کا اعلان Home / پاکستان /

باجوڑ میں امن گرینڈ جرگہ، 13 جولائی کو امن پاسون کا اعلان

ایڈیٹر - 06/07/2025
باجوڑ میں امن گرینڈ جرگہ، 13 جولائی کو امن پاسون کا اعلان

ضلع باجوڑ میں حالیہ بدامنی، دھماکوں اور عوامی بے چینی کے پس منظر میں ایک اہم اور جامع "امن گرینڈ جرگہ" کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد قبائلی روایات کے مطابق امن کے قیام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔
یہ گرینڈ جرگہ جماعت اسلامی باجوڑ کے زیرِ اہتمام جامعہ احیاء العلوم خار میں منعقد ہوا، جس میں ایم پی اے نثار باز ،ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین ڈاکٹر حمید ،تمام سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، عمائدین، علمائے کرام اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
جرگے کے دوران مختلف سیاسی و سماجی قائدین نے موجودہ امن و امان کی صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اپنی اپنی آراء پیش کیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ باجوڑ کی پائیدار ترقی کے لیے امن اولین شرط ہے، اور یہ ہدف صرف باہمی اتحاد، اجتماعی شعور اور سنجیدہ اقدامات سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
جرگے کے اختتام پر باجوڑ میں حالیہ دہشت گردی کے شہداء کے لیے اجتماعی دعا کی گئی، جبکہ سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قوم کو مزید خونی واقعات سے بچانے کے لیے اب خاموشی نہیں بلکہ عملی اقدام کی ضرورت ہے۔
جرگے کا سب سے اہم اور مثبت پہلو یہ رہا کہ 13 جولائی بروز اتوار کو باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں ایک بڑے "امن پاسون" کے انعقاد کا اعلان کیا گیا، جس میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
یہ پاسون نہ صرف امن کے لیے ایک پُرامن پیغام ہوگا بلکہ باجوڑ کے عوام کی اجتماعی آواز بھی، جو اب واضح طور پر کہہ رہے ہیں: "ہمیں امن چاہیے!"