حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے حق میں جبکہ دوسرا مخالفت کر رہا ہے، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ Home / سیاست /

آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے حق میں جبکہ دوسرا مخالفت کر رہا ہے، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ

ایڈیٹر - 21/11/2026
آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے حق میں جبکہ دوسرا مخالفت کر رہا ہے، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (حسبان میڈیا مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے جبکہ دوسرا اس کی مخالفت کر رہا ہے، لہٰذا صدر زرداری کو چاہیے کہ وہ اپنے دونوں بیٹوں کو سمجھائیں۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں سینئر صحافی و میزبان سلیم صافی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سینیٹر رانا ثناء اللہ نے ملکی سیاسی صورتحال اور نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک جانب محسن نقوی نے ملک میں نئے صوبوں کی بحث کا آغاز کیا ہے تو دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کر رہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اور بلاول بھٹو دونوں ہی صدر آصف علی زرداری کے تابع ہیں اور ان کی سرپرستی میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو چاہیے کہ وہ مداخلت کریں اور اپنے دونوں بیٹوں کو سمجھائیں کہ نئے صوبوں جیسی اہم آئینی و انتظامی بحث کو متنازع بنانے یا آلودہ کرنے سے کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں بیانات کا تبادلہ جاری ہے، جس پر حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔