حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ: خار بازار میں نوجوان کے قتل کا معاملہ؛ پولیس کی کامیاب کارروائی، تین نامزد بھائیوں میں سے ایک ملزم گرفتار Home / باجوڑ /

باجوڑ: خار بازار میں نوجوان کے قتل کا معاملہ؛ پولیس کی کامیاب کارروائی، تین نامزد بھائیوں میں سے ایک ملزم گرفتار

ایڈیٹر - 20/11/2026
باجوڑ: خار بازار میں نوجوان کے قتل کا معاملہ؛ پولیس کی کامیاب کارروائی، تین نامزد بھائیوں میں سے ایک ملزم گرفتار

باجوڑ (حسبان میڈیا ڈیسک): باجوڑ پولیس نے خار بازار میں نوجوان کے قتل کے افسوسناک واقعے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد تین بھائیوں میں سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان باجوڑ پولیس کے مطابق گزشتہ روز خار بازار میں تین بھائیوں نے مبینہ طور پر چھری کے وار کر کے فضل حیان نامی نوجوان کو قتل کر دیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) باجوڑ خان زیب مہمند نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیا اور تھانہ خار پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او باجوڑ کی خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سرکل ڈی ایس پی خار سعید الرحمان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ خار گلذادہ اور تفتیشی افسر اسلام الدین نے پولیس نفری کے ہمراہ آج ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران مقدمے میں نامزد ملزم الیاس کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث اس کے دیگر دو بھائیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔

اس حوالے سے ڈی پی او باجوڑ خان زیب مہمند نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ باجوڑ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے پوری تندہی سے مصروفِ عمل ہے، اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔