پشاور (حسبان میڈیا نیوز ڈیسک)
خیبر پختونخوا میں سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے 380 سے زائد غیر ضروری ترقیاتی منصوبوں کو ختم کرنے کی باقاعدہ سفارشات تیار کر لی گئی ہیں، جن پر عمل درآمد سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کی خطیر بچت ہوگی اور رواں مالی سال کے بجٹ خسارے کو کم کرنے میں نمایاں مدد ملے گی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کا بجٹ خسارے کا پیش کیا گیا تھا اور ان غیر ضروری منصوبوں کے باعث صوبائی بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا تھا۔ جائزہ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ معزول دورِ حکومت میں صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں خالصتاً سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے یہ منصوبے شروع کیے گئے تھے، جن کی عوامی افادیت نہ ہونے کے برابر تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر منظور کیے گئے کروڑوں روپے مالیت کے ان منصوبوں میں سے بعض کے ٹینڈرز کے عمل پر بھی شدید تحفظات پائے گئے ہیں، جس کے باعث متعلقہ سرکاری محکموں نے بھی ان منصوبوں کی شفافیت اور افادیت پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ اسی تناظر میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور سرکاری وسائل کے ضیاع کو روکنے کے لیے 380 سے زائد منصوبوں کو منسوخ کرنے کی حتمی سفارش کی گئی ہے۔