پشاور (حسبان میڈیا نیوز ڈیسک)
120 ارب روپے کے مبینہ آن لائن جوئے، حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ سے جڑے ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل کی جامع اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف پشاور سمیت مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر فیصلہ کن آپریشن کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس میگا آپریشن اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے وزارتِ داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر افسران کو شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پشاور میں آن لائن جوئے کے نیٹ ورک میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے باقاعدہ نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اعلیٰ سطحی تحقیقات کا بنیادی مقصد مبینہ آن لائن جوئے کے منظم نیٹ ورک، غیر قانونی مالیاتی لین دین، حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقوم کی منتقلی، بینکنگ چینلز کے ممکنہ غلط استعمال اور اس پورے غیر قانونی نظام میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کے کردار کا تعین کرنا ہے۔
متعلقہ حکام نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور مقدمے سے متعلق تمام مالیاتی ریکارڈ، بینک اکاؤنٹس، مشتبہ ٹرانزیکشنز اور دیگر دستیاب شواہد کا باریک بینی سے تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔