باجوڑ میں نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل اسکلز تربیتی کورسز مکمل، طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم
باجوڑ: ڈسٹرکٹ یوتھ آفس باجوڑ کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسز خار میں نیکسٹ جن ڈیجیٹل اسکلز یوتھ ہب کے تحت منعقدہ دو تربیتی کورسز کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید آفریدی کی ہدایات پر منعقدہ ان کورسز میں نوجوانوں کو ای کامرس اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے ایپلیکیشن ڈیولپمنٹ کی جدید مہارتوں کی تربیت فراہم کی گئی۔ ای کامرس کورس چھ ہفتوں جبکہ اے آئی کے ذریعے ایپلیکیشن ڈیولپمنٹ کورس دو ماہ پر مشتمل تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خار انجینئر اسد اللہ خان تھے۔ اس موقع پر تربیت حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے اپنے عملی کام، سیکھی گئی مہارتوں اور کامیابیوں کا مظاہرہ بھی کیا۔تقریب سے ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر باجوڑ فواد احمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خار انجینئر اسد اللہ خان اور پرنسپل گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسز خار محمد ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں ڈیجیٹل مہارتوں کا حصول نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فری لانسنگ، آن لائن کاروبار اور خود روزگاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔تقریب کے اختتام پر کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ایسے تربیتی پروگراموں کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے