اسلام آباد (حسبان میڈیا نیوز ڈیسک)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اب ہمارے سیاسی مخالفین بھی اس حقیقت کو تسلیم کر رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں۔ انہوں نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ مقدمات کی سماعت بند دروازوں کے پیچھے کرنے کے بجائے دن کی روشنی اور کھلی عدالت میں کی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات بے بنیاد اور خالصتاً سیاسی انتقام کی بنیاد پر قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے قانونی عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان مقدمات میں رات کی تاریکی میں اور بند دروازوں کے پیچھے سزائیں سنائی گئیں، جو انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہم عدالت سے پرزور درخواست کرتے ہیں کہ دن کی روشنی میں اور کھلی عدالت میں ہمارا مؤقف سنا جائے تاکہ حقائق عوام اور میڈیا کے سامنے آ سکیں۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں اور ملک میں سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔