حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
گومل یونیورسٹی میں مبینہ بدعنوانی، غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی ازسرنو چھان بین کا فیصلہ۔ Home / پاکستان /

گومل یونیورسٹی میں مبینہ بدعنوانی، غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی ازسرنو چھان بین کا فیصلہ۔

ایڈیٹر - 20/11/2026
گومل یونیورسٹی میں مبینہ بدعنوانی، غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی ازسرنو چھان بین کا فیصلہ۔

پشاور (حسبان میڈیا ڈیسک): محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے انتظامی، مالی اور تدریسی معاملات کی ازسرنو چھان بین کے لیے ایک نئی تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کو جامعہ کے مختلف شعبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ماضی میں ہونے والی انکوائری رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لے کر ایک ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق اس تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی گریڈ 20 کے سینئر افسر علی قادر صافی کریں گے، جبکہ گریڈ 19 کے افسر محمد صالح کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح جامعہ پشاور کے رجسٹرار ڈاکٹر یورید احسن ضیا اس کمیٹی میں بطور ممبر و سیکرٹری فرائض سرانجام دیں گے۔

جاری کردہ ضابطہ کار (TORs) کے تحت کمیٹی گومل یونیورسٹی کے مالیاتی امور، انتظامی ڈھانچے اور تدریسی معیار کا باریک بینی سے جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ جامعہ میں سیکیورٹی انتظامات، طلبہ کے ہاسٹلز کی ابتر یا موجودہ صورتحال اور کیمپس میں نظم و ضبط سے متعلق معاملات کی بھی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نئی کمیٹی کو یہ خصوصی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے کہ وہ گومل یونیورسٹی کے حوالے سے ماضی میں مرتب کی جانے والی انکوائری رپورٹس کا ازسرنو جائزہ لے اور ان میں رہ جانے والی قانونی و حقائق پر مبنی خامیوں کی نشاندہی کرے، تاکہ سابقہ تحقیقات اور ان پر عملدرآمد کی اصل صورتحال واضح ہو سکے۔

مزید برآں، تحقیقاتی ٹیم بدعنوانی، فرائض میں غفلت، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات کی بھی تحقیقات کرے گی۔ ان معاملات میں ملوث پائے جانے والے افسران یا اہلکاروں کی ذمہ داری کا تعین کرنا بھی کمیٹی کے دائرہ اختیار میں شامل ہوگا۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم نے کمیٹی کو پابند کیا ہے کہ وہ 30 یوم کے اندر اپنی حتمی اور جامع سفارشات پر مبنی رپورٹ جمع کرائے۔

واضح رہے کہ گومل یونیورسٹی میں یکے بعد دیگرے انکوائریوں کے انعقاد نے جامعہ کے نظم و نسق پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، اور اب تمام تر نظریں اس نئی کمیٹی کی تحقیقات اور سامنے آنے والے ممکنہ حقائق پر مرکوز ہیں۔