حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ: خار، صدیق آباد اور عنایت کلے کے بازاروں میں صبح 7 سے شام 4 بجے تک بڑی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد Home / باجوڑ /

باجوڑ: خار، صدیق آباد اور عنایت کلے کے بازاروں میں صبح 7 سے شام 4 بجے تک بڑی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد

ایڈیٹر - 19/11/2026
باجوڑ: خار، صدیق آباد اور عنایت کلے کے بازاروں میں صبح 7 سے شام 4 بجے تک بڑی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد

باجوڑ (حسبان میڈیا نیوز ڈیسک)

ضلع باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ٹریفک جام کی اذیت سے نجات دلانے کے لیے ضلع کے تین بڑے تجارتی مراکز خار، صدیق آباد اور عنایت کلے کے بازاروں میں صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک بڑی اور باربردار گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر خار کی جانب سے باضابطہ تحریری نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی ٹریفک سالار خان سہیل سالار اور ٹریفک انچارج حوالدار رحمان اللہ نے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خانزیب مہمند کی خصوصی ہدایات پر عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس حکام نے واضح الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ مقررہ اوقات کار کے دوران پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بازاروں میں داخل ہونے والی بڑی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ڈرائیورز پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد مصروف کاروباری اوقات میں شہریوں کی آزادانہ اور محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانا، ٹریفک کے غیر معمولی دباؤ پر قابو پانا اور خار، صدیق آباد اور عنایت کلے کے بازاروں میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔

دوسری جانب باجوڑ کے شہریوں، تاجر برادری اور روزمرہ مسافروں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے اس بروقت فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوامی سہولت اور شہری نظم و ضبط کی بحالی کے لیے ایک انتہائی مثبت اور احسن اقدام قرار دیا ہے۔