باجوڑ (رپورٹ: صاحبزادہ بہاؤالدین) ضلع باجوڑ کی تقریباً 6 کلومیٹر طویل بھائی چینہ کوثر روڈ گزشتہ 22 سال سے تعمیرِ نو اور مرمت کی منتظر ہے۔ یہ سڑک نہ صرف ہزاروں علاقہ مکینوں کے لیے آمدورفت کا اہم ذریعہ ہے بلکہ عنایت کلے یا ناواگئی سے صدیق آباد پاٹک تک ہنگامی یا سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر آمدورفت بند ہونے کی صورت میں پشاور جانے والی ٹریفک کے لیے ایک اہم متبادل راستے کی حیثیت بھی رکھتی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ سڑک 2004ء میں خوشحال پاکستان پروگرام کے تحت تعمیر کی گئی تھی، تاہم دو دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اس کی ازسرنو تعمیر اور مرمت کے لیے کوئی خاطرخواہ اقدام نہیں اٹھایا جاسکا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندوں اور متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ درخواستیں دینے کے باوجود اس اہم شاہراہ پر توجہ نہیں دی گئی، جس کے باعث سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے۔
دوسری جانب سڑک کے دونوں اطراف قائم تجاوزات نے اس کی اصل چوڑائی مزید محدود کردی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی اور عوام کی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے گزشتہ دو سال سے ٹی ایم او کو درخواستیں دی جارہی ہیں، جبکہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد چیئرمین اے آر ڈی سی انجینئر شوکت اللہ خان کو بھی تحریری درخواست پیش کی جاچکی ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر باجوڑ، چیئرمین اے آر ڈی سی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم میں بھائی چینہ کوثر روڈ کو بھی شامل کیا جائے، سڑک سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے اس کی اصل چوڑائی بحال کی جائے اور تعمیرِ نو و مرمت کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ ہزاروں شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور اس اہم متبادل شاہراہ کو دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جاسکے۔