حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پشاور میں سیف سٹی منصوبے کے تحت جدید خودکار "ای چالان" سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ Home / پاکستان /

پشاور میں سیف سٹی منصوبے کے تحت جدید خودکار "ای چالان" سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ

ایڈیٹر - 19/11/2026
پشاور میں سیف سٹی منصوبے کے تحت جدید خودکار

پشاور (حسبان میڈیا نیوز ڈیسک)

گورنر راج کے نفاذ کے بعد خیبر پختونخوا، بالخصوص صوبائی دارالحکومت پشاور میں تعمیر و ترقی، انتظامی اصلاحات اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ صوبے کے انتظامی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں پشاور سیف سٹی منصوبے کے تحت جدید کیمروں کی تنصیب اور خودکار "ای چالان" سسٹم متعارف کرانے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت پشاور کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر نصب سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی چوبیس گھنٹے خودکار نگرانی کی جائے گی۔ ٹریفک سگنل توڑنے، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے، سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے، غلط پارکنگ اور دیگر خلاف ورزیوں پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فوری اور خودکار آن لائن ای چالان جاری کیے جائیں گے۔

متعلقہ حکام کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں جدید کیمرے خودکار طریقے سے گاڑی کی نمبر پلیٹ کی نشاندہی اور خلاف ورزی کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کریں گے، جس کے بعد گاڑی کے مالک کو بذریعہ پیغام جرمانے کی اطلاع موصول ہوگی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے چالان کی ادائیگی کا مکمل نظام بھی آن لائن رکھا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق سعودی عرب سمیت دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر متعارف کرائے جانے والے اس جدید نظام کا بنیادی مقصد محض جرمانے وصول کرنا نہیں بلکہ شہریوں میں قانون کی بالادستی کا شعور اجاگر کرنا اور ٹریفک حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لانا ہے۔ بلاامتیاز اور مؤثر عمل درآمد کی صورت میں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہری خودبخود قوانین کی پابندی پر آمادہ ہوں گے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے اس اقدام کو جدید شہری انتظام کی جانب ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیف سٹی اور ای چالان کے اس منصوبے کو صرف پشاور تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ مرحلہ وار خیبر پختونخوا کے دیگر بڑے شہروں اور اضلاع تک بھی وسعت دی جائے، تاکہ صوبے بھر کے عوام کو تعمیر و ترقی اور امن و امان کے عملی ثمرات میسر آ سکیں۔