پشاور (حسبان میڈیا نیوز ڈیسک)
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی (ہیرا) کے حکام کے ہمراہ ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے علاقے نشتر آباد، ہشت نگری میں واقع جعلی میڈیکل ڈگریاں جاری کرنے والے ادارے "پختونخوا آلٹرنیٹو میڈیکل کونسل" کے دفتر کو سیل کر دیا ہے، جبکہ موقع سے کونسل کے چیئرمین کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی جانے والی اس چھاپہ مار کارروائی کے دوران اہم دستاویزات اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ مذکورہ کونسل مبینہ طور پر ایک غیر قانونی اور جعلی ادارہ ہے جو نہ صرف پشاور بلکہ خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع بشمول نوشہرہ، چارسدہ، صوابی اور ملاکنڈ میں بھی متعدد کالجز چلا رہا تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق ان غیر رجسٹرڈ کالجز کے ذریعے معصوم طلبہ کو چار سالہ میڈیکل ڈاکٹر ڈگری پروگرامز کا جھانسہ دے کر داخلے دیے جاتے تھے اور بھاری فیسوں کے عوض جعلی ڈگریاں جاری کی جا رہی تھیں۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ جعلی کونسل اب تک تقریباً 75 طلبہ کو غیر قانونی میڈیکل ڈگریاں جاری کر چکی ہے، جو کہ انسانی جانوں اور شعبہ طب کے ساتھ ایک سنگین کھلواڑ ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار چیئرمین سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور معاملے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس نیٹ ورک کے تحت چلنے والے تمام متعلقہ کالجز کی قانونی حیثیت، جاری کردہ ڈگریوں کی تصدیق اور اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔