حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا: سیفٹی آڈٹ رپورٹ کے بعد 2 ہزار 448 سرکاری اسکول غیر محفوظ قرار Home / پاکستان /

خیبر پختونخوا: سیفٹی آڈٹ رپورٹ کے بعد 2 ہزار 448 سرکاری اسکول غیر محفوظ قرار

- 11/11/2026
خیبر پختونخوا: سیفٹی آڈٹ رپورٹ کے بعد 2 ہزار 448 سرکاری اسکول غیر محفوظ قرار

خیبر پختونخوا: سیفٹی آڈٹ رپورٹ کے بعد 2 ہزار 448 سرکاری اسکول غیر محفوظ قرار، تدریسی سرگرمیاں فوری معطل

پشاور (حسبان میڈیا ڈیسک): خیبر پختونخوا میں لاکھوں طلبہ کا مستقبل سنوارنے والے سرکاری تعلیمی اداروں کی عمارتیں خود ان کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہیں۔ صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں سے متعلق جاری ہونے والی تفصیلی سیفٹی آڈٹ رپورٹ نے تعلیمی اداروں کی خستہ حالی اور حفاظتی انتظامات پر کئی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 8 ہزار 928 سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ آڈٹ کے نتائج کے مطابق صوبے کے تقریباً ہر دوسرے اسکول کی عمارت میں حفاظتی خامیاں پائی گئی ہیں، جبکہ 2 ہزار 448 اسکولوں کی عمارتوں کو طلبہ اور اساتذہ کے لیے مکمل طور پر غیر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ معائنہ کیے گئے اسکولوں میں سے تقریباً 3 ہزار 400 اسکولوں کی عمارتوں کو فوری مرمت و بحالی کی اشد ضرورت ہے۔

سیفٹی آڈٹ رپورٹ سامنے آنے کے بعد محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھاتے ہوئے غیر محفوظ قرار دیے گئے تمام 2 ہزار 448 اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار حادثے اور جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ تاہم تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان ہزاروں اسکولوں کی فوری مرمت، حفاظتی خامیوں کے خاتمے اور متبادل انتظامات کر کے دوبارہ تدریسی عمل بحال کرنا صوبائی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔