وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی؛ پیٹرول 8 روپے اور ڈیزل 7 روپے فی لیٹر سستا
اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک): وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کی نئی قیمت 338 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبے میں استعمال ہونے والے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 7 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 371 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
اوگرا حکام کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی ان نئی قیمتوں کا اطلاق 11 نومبر سے ہوگا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس کمی سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں کسی حد تک کمی آنے کی توقع ہے۔